۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
"اظہار تشکر" کی تقریب

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر کی جانب سے پرامن محرم الحرام کے انعقاد پر انتظامیہ و سول سوسائٹی کے اعزاز میں "اظہار تشکر" کی تقریب جامعہ النجف کوٹلی امام حسین (ع) میں منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حسب سابق امسال بھی محرم الحرام کے پرامن اور پروقار انداز میں اختتام پذیر ہونے پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی طرف سے انتظامیہ و سول سوسائٹی کے اعزاز میں" اظہار تشکر " کی تقریب جامعہ النجف کوٹلی امام حسین (ع) میں منعقد ہوئی۔

اس تقریب میں کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامر لطیف خان، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ شوکت عباس،اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نواب سمیر حسین،امن کمیٹی کے سربراہ حلیم خان قصوریہ،قاری خلیل احمد سراج،سابق تحصیل ناظم سردار عمر امین خان گنڈہ پور، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار قیضار خان میانخیل،سابق ممبر صوبائی اسمبلی مظہر جمیل خان علیزئی،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان علیزئی، راجہ شوکت علی،حاجی بشیر احمد خان بلوچ،سردار شفقت اللہ خان بلوچ،ابوالمعظم ترابی،مخدوم سید علی رضا،شیعہ علماء کونسل کے ضلعی صدر علامہ مرید کاظم ،سٹی صدر سید انصار شاہ زیدی،ظل حسنین شاہ،سید علی رضا،سجاد شیرازی سمیت مختلف محکموں کے افسران، مصالحتی کمیٹی کے ممبران،صحافی برادری،سیاسی و سماجی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ عامر لطیف خان نے ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام اور علماء کرام کے محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے میں کردار ادا کرنے کو لائق تحسین عمل قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی بھائی چارگی کے فروغ کے لئے کاوشیں تسلسل سے جاری رکھنے کی اپیل کی۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن اور پروقار انعقاد کو یقینی بنانے پر پاک فوج،پولیس،سول سوسائٹی،تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سمیت میڈیا کا کردار لائق تحسین رہا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام شعبوں سے وابستہ شخصیات و اداروں کے مشکور ہیں اور پرامید ہیں کہ انشاءاللہ امن و بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے اربعین حسینی اور میلاد النبی کی تقریبات بھی اسی جوش و خروش اور بھائی چارے کے ماحول میں ہوں گی۔

تقریب کے اختتام پر قاری خلیل احمد سراج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلکی ہم آہنگی و امن و امان کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرنے پر علامہ رمضان توقیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی دعا کرائی۔

تقریب کے آخر میں،کمشنر ڈیرہ، عامر لطیف خان اور ریجنل پولیس آفیسر شوکت عباس کو شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ رمضان توقیر کی طرف سے قرآن مجید کے تحفے پیش  کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .